صدر کی ہرسڑک اور گلی تجاوزات کی زد میں آگئی، حکام بے خبر

November 18, 2019

راولپنڈی (اپنے نامہ نگار سے ) راولپنڈی کینٹ کے دل صدر کی ہرسڑک اور گلی شعبہ انسداد تجاوزات کے عملہ کی مبینہ ملی بھگت سے تجاوزات کی زد میں آگئی ہیں ، جرابیں فروخت کرنے والا شخص جو محض آدھے فٹ سے زیادہ جگہ کور نہیں کرتا کینٹ بورڈ کا ٹرک آنے کی صورت میں گلیوں میں بھاگ جاتا ہے وہ بھی ماہانہ ساڑھے چار ہزار روپے کینٹ بورڈ کے عملہ کو بھتہ دیتا ہے ، ایک سروے کے مطابق کینٹ کے صرف صدر بازار کی گلیوں ، محلوں وغیرہ میں غیرقانونی طور پر سینکڑوں لوگ بیٹھے کام کر رہے ہیں اور ان میں سے اکثریت کا کہنا تھا کہ وہ ماہانہ بھتہ دیتے ہیں اگر ہمارے لئے کوئی جگہ مختص کر دی جائے جہاں وہ اپنے بچوں کیلئے روز ی کماسکیں تو وہ اس بھتے کی ادائیگی سے بچ سکتے ہیں ، انہوں نے نئے سٹیشن کمانڈر راولپنڈی سے مطالبہ کیا ہے کہ اس غیرقانونی کام میں ملوث کینٹ بورڈ کے اہلکاروں کیخلاف کارروائی ہونی چاہئے ، اس سارے معاملے کا جائزہ لینے کیلئے ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دی جانی چاہئے شہریوں نے سٹیشن کمانڈر راولپنڈی کی توجہ صدر کے ایریاز میں تجاوزات کی طرف دلاتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے خاتمہ کیلئے خصوصی اقدامات اٹھائے جائیں۔