نیشنل گیمز ‘بلوچستان کی ناقص کارکردگی کی تحقیقات کرائی جائیں‘جمعیت ن

November 18, 2019

کوئٹہ ( آئی این پی) جمعیت علماء اسلام نظریاتی پاکستان کے سیکرٹری اطلاعات حاجی عبدالستار چشتی نے کہا ہے کہ نیشنل گیمز 2019پشاور کے سلسلے میں بلوچستان کے دستے کی ناقص کارکردگی کی تحقیقات ہونی چاہیے کیونکہ بلوچستان اولمپک ایسوسی ایشن کے قبضہ گیر ٹولے نے جعلی ٹیمیں بنائیں جن میں کبڈی رگبی ریسلنگ ، جمناسٹک ، ہینڈ بال ، باسکٹ بال ، رسہ کشی سمیت دیگر کھیلوں میں جن نوجوانوں کو شامل کیا گیاانہوں نے کبھی مذکورہ کھیلوں کے بارے سوچا تک نہیں ۔کھلاڑیوں اور مختلف وفود سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ دو بااثر افراد نے بلوچستان کے سپورٹس پر قبضہ کر رکھا ہے ان کی نااہلی کی وجہ سے بلوچستان نے ان سات کھیلوں میں ایک بھی میڈل حاصل نہیں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل گیمز میں بلوچستان کی کمزور کارکردگی کا ذمہ دار بلوچستان اولمپک ایسوسی ایشن ہے لہٰذا اس کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔