نواز، شہباز کی آج پرواز، نام ای سی ایل میں ہی رہے گا

November 19, 2019

Your browser doesnt support HTML5 video.

نواز شریف علاج کیلئے آج ائیر ایمبولینس کے ذریعے بیرون ملک روانہ ہونگے

لاہور، اسلام آباد(جنگ نیوز)مسلم لیگ (ن)کے قائد و سابق وزیراعظم نوازشریف علاج کیلئے آج ائیر ایمبولینس کے ذریعے بیرون ملک روانہ ہوں گے۔ شہباز شریف اور ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان بھی ساتھ جائیں گے۔

وزارت داخلہ نے نواز شریف کو بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی ہے تاہم ان کا نام بدستور ای سی ایل میں رہے گا۔ ائیرایمبولینس صبح پونے 9 بجےپہنچےگی، روانگی ساڑھے 10بجےہوگی۔

تفصیلات کے مطابق وزارت داخلہ نے لاہورہائی کورٹ کے حکم کی مصدقہ نقل ملنے کے بعد نوازشریف کو ایک بار کے لیے بیرون ملک جانے دینے کی اجازت دے دی ہے۔

وزارت داخلہ کی جانب سے جاری اجازت نامہ میں کہا گیا ہے کہ ʼعبوری انتظام کے ذریعے یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ نواز شریف کو علاج کے لیے چار ہفتے کی مدت کے لیے ایک بار بیرون ملک جانے کی اجازت دی جائے۔

وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ یہ فیصلہ لاہور ہائی کورٹ کے 16 نومبر کے حکم کی روشنی میں کیا گیا ہے جہاں نواز شریف اور ان کے بھائی شہباز شریف نے حلف نامے جمع کرائے تھے۔

ذرائع کے مطابق نوازشریف کسی بھی ائیرپورٹ پر عدالتی حکم کی تصدیق شدہ نقل دکھا کر بیرون ملک جا سکیں گے۔

امیگریشن ذرائع نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم کا نام بدستور ایگزٹ کنٹرول لسٹ(ای سی ایل) میں شامل ہے اور قانون کے مطابق ان کا نام ای سی ایل میں شامل رہے گا، عدالت نے انہیں صرف ایک بار بیرون ملک جانےکی اجازت دی ہے اور وہ عدالتی احکامات دکھا کر ملک سے باہرجاسکتے ہیں۔

دوسری جانب حکومتی کلیئرنس ملنے کے بعد قطر ایئر ایمبولینس نواز شریف کو لے جانے کے لیے منگل کی صبح 8 بجکر 45 منٹ پر لاہور ایئرپورٹ پہنچے گی۔ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ نے سول ایوی ایشن انتظامیہ کو ایئر ایمبولینس کی اطلاع دے دی۔

ائیر ایمبولینس شریف فیملی کی جانب سے کرائے پرحاصل کی گئی ہے۔علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ انتظامیہ نے بھی تیاری مکمل کرلی۔

ذرائع نے کہا کہ نواز شریف گاڑی کے ذریعے ایئرپورٹ جائیں گے جہاں سے ایئر ایمبولینس انہیں ساڑھے 10 بجے لے کر واپس روانہ ہوگی۔