توانائی منصوبوں کی پلاننگ اینڈ مانیٹرنگ کا عمل مزیدسخت کیا جائے،زبیر خان

November 19, 2019

پشاور ( نیوزڈیسک)سیکرٹری توانائی وبرقیات محمد زبیر خان نے کہا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں میں بلاوجہ تاخیرناقابل برداشت ہے ۔صوبے میں توانائی کے جاری منصوبوں کی پلاننگ اینڈمانیٹرنگ پر سختی کے ساتھ عملدرآمدکرتے ہوئے منصوبوں کی سست روی پر سخت ایکشن لیا جائے اورمنصوبوں کے پراجیکٹ ڈائریکٹرزکے ساتھ ورکنگ پلان ترتیب دے کر منصوبوں کے مقامات کے اچانک دورے کئے جائیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ توانائی وبرقیات کے پلاننگ افسران کے ساتھ جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اجلاس کے دوران سیکرٹری توانائی محمد زبیر خان نے پلاننگ افسران پر زوردیا کہ محکمہ توانائی کے ذیلی اداروں پیڈو، KPOGCL اورالیکٹرک انسپکٹریٹ میں جاری توانائی منصوبوں کی مانیٹرنگ اینڈڈیویلپمنٹ کے عمل کومزیدموثربناتے ہوئے متعلقہ منصوبوں کے پراجیکٹ ڈائریکٹرز اورمتعلقہ سٹاف کے ساتھ باقاعدہ طورپر KPIsیعنی کی پرفارمنس انڈیکیٹرز کا تعین کیا جائے اورمنصوبوں کی پیش رفت کے بارے میں ماہانہ بنیادوں پر پراگرس رپورٹ مرتب کی جائے۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں کی سخت مانیٹرنگ کرکے ورکنگ پلاننگ کے تحت منصوبوں کی تکمیل میں تاخیر کرنے والے عناصرکی نشاندہی کرتے ہوئے منصوبوں کے مقامات کے اچانک دورے کئے جائیں۔اجلاس میں سیکرٹری توانائی نے اس عزم کا اظہارکیا کہ محکمے میں جاری تمام ترقیاتی منصوبوں کو ٹیم ورک کے تحت بروقت مکمل کرنے کے لئے تمام افسران اپنی توانائی بروئے کارلائیں گے۔