طالبان کی قید سے دو غیر ملکیوں کو رہا کردیا گیا

November 19, 2019

امریکی یونیورسٹی کے پروفیسروں کو امریکی ہیلی کاپٹر کے ذریعے افغانستان کے صوبے زابل سے روانہ کیا گیا جبکہ امریکی پروفیسروں کی رہائی کے بدلے طالبان کے تین رہنماؤں کو رہا کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق طالبان کا کہنا ہے کہ انہوں نے افغانستان میں یرغمال بنائے دونوں غیر ملکی پروفیسرز کو رہا کر دیا ہے، طالبان نے دونوں غیر ملکیوں کو 2016ء میں کابل میں اغوا کیا تھا۔

رہائی پانے والے پروفیسروں میں امریکا کے کیون کنگ اور آسٹریلیا کے ٹیموتھی ویکس ہیں جبکہ امریکی سفارت خانے کی جانب سے رہائی پر ابھی کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔

افغان میڈیا کے مطابق گزشتہ شام افغانستان کی بگرام جیل سے رہا کیے گئے انس حقانی سمیت طالبان کے 3 رہنما بھی قطر پہنچ گئے ہیں، امریکی پروفیسروں کی رہائی کے بدلے طالبان رہنماؤں کو رہا کیا گیا تھا۔