کوئٹہ، سینما ہالزختم کرکے شاپنگ پلازے تعمیر کرنے کا رجحان

November 20, 2019

کوئٹہ (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان کے بڑے شہروں میں سینما گھر فروغ پارہے ہیں لیکن کوئٹہ میں انہیں ختم کرکے شاپنگ پلازے تعمیر ہو رہے ہیں۔بلوچستان کے دارالحکومت میں تفریح کے مواقع پہلے ہی محدود ہیں کیونکہ یہ شہر بدامنی کے باعث کئی بار اجڑا۔ یہاں کے باسیوں کے لیے اہم اور سستی تفریح کاایک بڑا ذریعہ سینما گھر ہی ہوا کرتے ہیں۔ چند سال قبل کوئٹہ کے سینما ہالوں میں رش کی وجہ سے جگہ نہیں ملتی تھی اور فلمیں دیکھنے کے شوقین دور دور سے یہاں کا رخ کرتے تھے کیونکہ صوبے میں سینما ہال صرف یہیں تھے۔واضح رہے کوئٹہ میں پہلے سات سینما گھر تھے جن میں سے پانچ گرا دیے گئے جبکہ باقی رہ جانے والے دو میں سے بھی ایک کو حال ہی میں مسمار کردیا گیا۔ان سب مقامات پر اب فلموں کے پوسٹرز کی بجائے شاپنگ کی برانڈڈ دکانوں نے لے لی ہے۔ان سینما گھروں سے اکثرلوگوں کی یادیں جڑی ہوتی ہیں لیکن کمرشل دوراور جدت نے جہاں بہت سے چیزوں کا خاتمہ کردیا وہاں سینما کا پرانا دور بھی قصہ پارینہ بنتا جارہا ہے۔گو سینما گھروں کی جگہ کمرشل پلازے بنانے والوں کا دعویٰ ہے کہ وہ ان میں جدید سینما ہالز تعمیرکریں گے لیکن فلم بین سمجھتے ہیں جدید سینما کے ٹکٹ مہنگے ہونے کے باعث یہاں فلم دیکھنا ان کے دسترس سے باہر ہوجائےگا۔