روزانہ اخروٹ کھانا ذیابیطس کا خطرہ کم کرنے میں معاون

December 03, 2019

لندن ( جنگ نیوز) روزانہ کچھ مقدار میں اخروٹ کو کھانا ذیابیطس کا شکار بننے کا خطرہ کم کرتا ہے۔ کچھ ماہ تک روزانہ اخروٹ کھانے سے خون کی شریانوں کے افعال میں بہتری آتی ہےجبکہ جسم کیلئے نقصان دہ کولیسٹرول کی سطح بھی کم ہو جاتی ہے۔ یونیورسٹی کی ریسرچ کے مطابق خون کی شریانوں کے افعال میں خرابی اور خراب کولیسٹرول کی سطح میں اضافہ ذیابیطس ٹائپ ٹو کا شکار بناسکتا ہے۔ اس حوالے سے ماضی میں بھی کئی محققین یہ بتا چکے ہیں کہ اخروٹ میں فیٹی ایسڈز کی مقدار زیادہ ہوتی ہے جبکہ کیلوریز کے حوالے سے بھی یہ بہترین ہے تو اگر لوگ روزانہ اس کو کھائیں تو ان کا میٹابولک نظام بہتر حالت میں رہتا ہے۔ ایک تحقیق میں سو سے زائد مرد و خواتین پر تجربات کیے گئے جن میں سے 75 میں ذیابیطس ٹائپ ٹو میں مبتلا ہونے کا خطرہ بہت زیادہ تھا۔محققین نے ان لوگوں کو روزانہ پچاس گرام سے زائد اخروٹ چھ ماہ تک کھلائے تو یہ نتائج سامنے آئے کہ لوگوں کی غذائی عادات کے معیار میں بہتری آئی ہے اور ذیابیطس کا خطرہ کم ہوگیا تھا۔ یہ تحقیق طبی جریدے بی ایم جے اوپن ڈائیبیٹس ریسرچ اینڈ کیئر میں شائع ہوئی تھی۔ ڈیل وئیر یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ اخروٹ کھانے کی عادت کے نتیجے میں جسم میں ایسے کیمیکلز کی کمی آتی ہے جو خلیات کو نقصان پہنچا کر مردوں میں بانجھ پن کا باعث بنتے ہیں۔ ایک اور تحقیق میں یہ بھی بتایا گیا تھا کہ روزانہ چند اخروٹ کھانے کی عادت خواتین میں بریسٹ کینسر کا خطرہ کم کرتی ہے۔خشک میوے میں شمار کیا جانے والا اخروٹ ہمیشہ سے طبی لحاظ سے فائدہ مند قرار دیا جاتا ہے اور اسے موٹاپے سے بچاؤ کیلئے بھی بہترین سمجھا جاتا ہے۔