کوٹلی ویلفیئر ٹرسٹ وظائف کا دائرہ کار بڑھائے گا

December 04, 2019

وٹفورڈ (نمائندہ جنگ) اوورسیز کوٹلی ایجوکیشنل ویلفیئر ٹرسٹ کا اجلاس زیر صدارت پروفیسر محمد اشرف کھوکھر منعقد ہوا۔اجلاس میں ٹرسٹ کی کارکردگی، ٹرسٹ کے زیراہتمام تعلیم حاصل کرنے والے طلبا، طالبات کی ضروریات پوری کرنے کے حوالے سے غورو فکر کیا گیا۔ اجلاس میں راجہ محمد آزاد کیانی، ممبر اوورسیز گورننگ بورڈ کے علاوہ جاوید احمد قادری، خواجہ شاہین، ماسٹر غفور قریشی، قاسم بٹ و دیگر ممبران گورننگ بورڈ نے شرکت کی۔ دوران اجلاس پروفیسر محمد اشرف کھوکھر نے ممبران گورننگ بورڈ کو بتایا کہ کوٹلی ایجوکیشنل ویلفیئر ٹرسٹ نے ایک وعدہ پورا کردیا کہ ضلع کوٹلی یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے10طلبا، طالبات کو30ہزار روپے فی کس کے حساب سے تعلیمی وظائف کا اجرا کردیا ہے، یہ وظائف میرٹ کی بنیاد پر د یئے گئے ہیں، اسکے ساتھ اس بات کا بھی خیال رکھا گیا ہے کہ کم آمدنی والے والدین کا ہاتھ بٹایا جائے، تاکہ وہ اپنے بچوں کو بہتر تعلیم دے سکیں۔ اس سال وظائف کا دائرہ کار بلدیہ تک محدود رکھا گیا ہے، آئندہ سال حدود بلدیہ سےباہر تک وسیع کیا جائیگا۔ پروفیسر محمد اشرف کھوکھر نے بتایا ٹرسٹ اس بات کی امید رکھتا ہے کہ اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے بعد طلبا، طالبات کل ملازمت کے بعد آنے والے طلبا، طالبات کی اسی جذبے کیساتھ مدد کرینگے۔ ٹرسٹ کی طرف سے اس پائلٹ ہائی اسکول کوٹلی میں اول اور دوئم آنے والے دو طلبا کو50ہزار فس کس روپے بطور اعلیٰ کارکردگی دیئے گئے۔ اجلاس کے اختتام پر گورننگ بورڈ کے ممبر راجہ آزاد کیانی نے ٹرسٹ کی کارکردگی کوحوصلہ افزا قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے لیے انتہائی خوشی کا باعث ہےکہ کوٹلی ایجوکیشنل کے زیر سایہ طلبا، طالبات میں اضافہ ہورہا ہے۔ غریب و نادار طلبا، طالبات کی بھرپور مدد کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا، یہی چراغ جلیں گے تو ہمارے معاشرے میں روشنی ہوگی۔ ممبران ٹرسٹ بھی قابل تعریف ہیں، وہ ادارے کو چلانے میں پوری طرح تعاون کرتے ہیں۔