لاء کالج کے نئے پرنسپل کی تقرری جلد یقینی بنائی جائے ،پشتون ایس ایف

December 06, 2019

کوئٹہ (آئی این پی)پشتون ایس ایف کی آرگنائزنگ / الیکشن کمیٹی کے صوبائی چیئرمین عالمگیر مندوخیل نے بیان میں کہا ہے کہ بلوچستان یونیورسٹی لاء کالج کیلئے پرنسپل کی مشتہر کی گئی خالی اسامی پر تقرری فوری طور ممکن بنائی جائے۔ جبکہ موجودہ پرنسپل کی مدت ملازمت میں توسیع کی شدید مخالفت کی گئی جو کہ میرٹ کے برعکس ایچ ای سی کے مطلوبہ تعلیمی معیار پر پورا نہیں اترتے۔ بیان میں کہا گیا کہ 8 جون 2016 کے المناک سانحہ میں سابقہ پرنسپل لاء کالج بیرسٹر امان اللہ اچکزئی کی شہادت کے بعد سے ادارہ یتیم ہوچکا ہے۔ اس افسوسناک سانحہ کے بعد عارضی طور پر ایک پرنسپل ایکٹنگ چارج پر تعینات کیا گیا جو اب تک اس عہدے پر فائز ہیں۔انہوں نے کہاکہ ادارے کے اندر کلاس رومز میں کیمرے نصب کرکے طلبا کی سیکورٹی کی بجائے جاسوسی کی جا رہی ہے۔ جس سے طلبا کی ذہنی صلاحیتوں پر منفی اثرات مرتب ہورہےہیں۔انہوں نے کہاکہ طلباء کی جاسوسی کرکے معاشرے اور قوم کے مستقبل کو کونسا پیغام دیا جارہا ہے۔ انہی کیمروں کی وجہ سے آج بلوچستان یونیورسٹی میں انتظامیہ کی جانب سے طلبا و طالبات بلیک میلنگ کا شکار ہیں ۔بیان میں بلوچستان اور کوئٹہ بار کونسلز سے مطالبہ کیا گیا کہ لاء کالج کو بااثر ٹولے سے نجات دلائی جائے۔ جبکہ صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ مزید ایکٹنگ چارج پر تقرریاں قابل قبول نہیں لہذا لاء کالج کے لیے نئے پرنسپل کی جلد تقرری یقینی بنائی جائے۔