کرسمس، گرجا گھروں پر روشنی، صفائی، پانی کے خصوصی انتظامات کی ہدایت

December 07, 2019

کراچی (اسٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کرسمس سے قبل تمام گرجا گھروں پرروشنی،صفائی،پانی کے خصوصی انتظامات کی ہدایت کی ہے،اپنے دفتر میں پاکستان پیپلز پارٹی کے ممبر صوبائی اسمبلی انتھونی نوید کی قیادت میں مسیحی بلدیاتی نمائندوں، پاسٹر صاحبان اور منارٹی ونگ کے کارکنان کے ساتھ ایک اجلاس کےدوران انہوں نے کہا کہ کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کو بھرپور طریقے سے تہوار منانے کے سلسلے میں حکومت کی جانب سے صوبے بھر میں بلدیاتی و سکیورٹی امور کے حوالے سے غیر معمولی اقدامات کیئے جائیں گے،اس موقع پر سیکرٹری بلدیات روشن علی شیخ، تمام ڈی ایم سیز کے میونسپل کمشنرز، واٹر بورڈ کے افسران سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے،شرکاء نے وزیر بلدیات کو اپنے اپنے علاقوں اور خصوصا گرجا گھروں کے حواے سے درپیش مسائل کے حوالے سے آگاہ کیا،صوبائی وزیر نے مزید ہدایت کی کہ گرجا گھروں کے منتظمین کی شکایات پر ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے لیے رکاوٹ کا سبب بننے والی تمام تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے اور گرجا گھروں کے گرد ٹریفک کی روانی کو یقینی بنایا جائے۔