سلیکٹڈ وزیراعظم نے معیشت کو تباہ کردیا، بلاول بھٹو

December 07, 2019

Your browser doesnt support HTML5 video.

سلیکٹڈ وزیراعظم نے معیشت کو تباہ کردیا، بلاول بھٹو

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ نالائق نا اہل سلیکٹڈ وزیراعظم نے ہماری معیشت کو تباہ کردیا ہے، معیشت کی تباہ حال صورتحال میں ہم میگا پراجیکٹس کا افتتاح کررہے ہیں۔

کراچی میں شہید ملت روڈ پر انڈر انڈر پاس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ عوام کو امید تھی کہ انہیں ایک کروڑ نوکریاں ملیں گی، لیکن آج وہ ناامید ہوچکے ہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی سمجھتی ہے اگر ہمیں معاشی بحران کا مقابلہ کرنا ہے تو سخت محنت کرنا ہوگی، اگر بے روزگاری کا مقابلہ کرنا ہے تو مزدورں کو نوکریوں سے نکالنے کے بجائے تنخواہیں دینا ہوں گی، پیپلزپارٹی نے ہر دور میں مزدور طبقے کی تنخواہوں میں اضافہ کیا۔

پنجاب میں شیر شاہ سوری سے پوچھیں کہ ایک سال میں کتنے منصوبوں کا افتتاح کیا ہے، بلاول

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوام کو ریلیف دیا، جو ظلم نوجوانوں، کسانوں کے ساتھ ہورہا ہے، پیپلز پارٹی اور اس کا کارکن برداشت نہیں کرتا، پاکستان میں طاقت کا سرچشمہ عوام ہے اور ہم عوامی حکومت بنا کر رہیں گے۔

پی پی چیئرمین نے کہا کہ انڈر پاس کی تعمیر کا کام ریکارڈ مدت میں مکمل ہوا، یہ وزیر اعلیٰ سندھ کی گڈگورننس کا ثبوت ہے ، پنجاب میں شیر شاہ سوری سے پوچھیں کہ ایک سال میں کتنے منصوبوں کا افتتاح کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ انڈرپاس کی تعمیر سے کراچی کے عوام کو ریلیف ملے گا، ٹریفک کے مسائل کم ہوں گے، تباہ حال معاشی صورتحال کے باوجود ایک سال میں یہ منصوبہ مکمل کیا گیا، لاہور میں کتنے انڈرپاسز اور فلائی اوورز کا افتتاح کیا گیا ہے؟

بلاول بھٹو نے صحت کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے سندھ کے چھوٹے شہروں میں اسپتال بنائے، انہوں نے وزیراعظم سے پوچھا کہ خان صاحب آپ نے کے پی میں کتنے اسپتال بنائے؟، ہم نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام شروع کیا، خان صاحب آپ اس میں کٹوتی کررہے ہیں۔

بلاول نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ سندھ کا معاشی قتل کیا جارہا ہے یہ برداشت نہیں کریں گے، اگر سندھ کو فنڈ ملتے تو زیادہ ترقیاتی کام ہوتے، سندھ کے ساتھ سوتیلوں جیسا سلوک کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ معاشی بحران کے مقابلے کے لیے نوجوانوں کو ایک کروڑ نوکریاں دینا پڑیں گی۔

بلاول بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ بزنس کمیونٹی نیب گردی کی وجہ سے پریشان ہے، عوام مہنگائی کے سونامی میں ڈوب رہے ہیں۔