عالمی جوہری توانائی ایجنسی پاکستانی سیکیورٹی اقدامات کی معترف

December 07, 2019

Your browser doesnt support HTML5 video.

عالمی جوہری توانائی ایجنسی پاکستانی سیکیورٹی اقدامات کی معترف

عالمی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) نے جوہری سلامتی کے حوالے سے پاکستان کے اقدامات کی تعریف کی ہے۔

آئی اے ای اے کے وفد نے پاکستان کا تین روزہ دورہ کیا جس میں انہوں نے کراچی نیوکلیئر پاور پلانٹ میں سیکیورٹی معاملات کا جائزہ لیا تھا۔

ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کے مطابق راجا عبدالعزیز عدنان کی قیادت میں آئی اے ای اے کے وفد نے کراچی نیوکلیئر پاور پلانٹ (کے این پی پی) کا دورہ کیا۔

وفد نے پاکستان کی جانب سے آئی اے ای اے کی سفارشات کے مطابق کیے جانے والے جوہری سلامتی کے اقدامات کی تعریف کی۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ جوہری سلامتی ریاست کی ذمہ داری ہے اور پاکستان نے اسے مضبوط بنانے کے اقدامات کیے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان جوہری سلامتی کو فروغ دینے کے لیے آئی اے ای اے کی کوششوں میں حصہ لے رہا ہے۔

وفد نے پاکستان نیوکلیئر ریگولیٹری اتھارٹی کے چیئرمین ظہیر ایوب بیگ اور پاکستان جوہری توانائی کمیشن کے چیئرمین محمد نعیم سے بھی ملاقات کی۔

مذکورہ دورہ آئی اے ای اے اور پاکستان نیوکلیئر سیکیورٹی پروگرام کا حصہ تھا۔

2005 میں پاکستان میں جوہر سلامتی کی تاثیر بڑھانے کے لیے باہمی اتفاق کیا گیا تھا جبکہ مذکورہ پروگرام کے تحت تمام سرگرمیاں پاکستانی نیوکلیئر ریگولیٹر اتھارٹی (پی این آر اے) کے زیر انتظام ہیں۔