یو این کا انسانی حقوق چارٹرآج بھی موثر ہے ، ماریا ایرینا ایم ای پی

December 11, 2019

برسلز( نمائندہ جنگ ) یورپین پارلیمنٹ کی سب کمیٹی برائے انسانی حقوق کی چیئرمین ماریا ایرینا ایم ای پی نے کہا ہے کہ الجیریا، چلی، ہانگ کانگ، عراق، لبنان اور سوڈان میں ہونے والے مظاہرے اس بات کی دلیل ہیں کہ 10 دسمبر 1948کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں تسلیم کیا جانے والا انسانی حقوق کاڈیکلریشن آج بھی اتنا ہی ضروری اور Relevant ہے جتنا وہ آج سے عشروں قبل تھا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انسانی حقوق کے عالمی دن کی مناسبت سے جاری کردہ اپنے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس سال پر اگر نظر ڈالی جائے تو یہ مظاہروں سے بھر پور تھا۔ اکثر مظاہرے پر امن تھے اور یہ پر امن مظاہرے اس بات کی دلیل ہیں کہ بین الاقوامی طور پر مسلمہ حقوق کی پاسداری کے ذریعے بھی بات سنی اور سنائی جا سکتی ہے۔