معروف اداکار الیاس کاشمیری کی 12ویں برسی آج منائی جا ئیگی

December 12, 2019

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)کئی برس تک پاکستانی سلوراسکرین پراپنے منفی کرداروں کے ذریعے گرجتے برستے اداکار الیاس کشمیری کو دنیا سے رخصت ہوئے12 برس بیت گئے۔ الیاس کاشمیری پاکستان فلم انڈسٹری کے تمام ادوار میں پوری آب و تاب کے ساتھ پردہ اسکرین پر موجود رہے، وہ ملکی فلمی صنعت کے عروج اور زوال کی کہانی کے چشم دید گواہ تھے۔یوں تو انہوں نے ہیرو سے لیکر وِلن اور منچلے نوجوان سے لیکر بوڑھے جاگیردار تک ہر رول میں ڈھلنے کی کوشش کی لیکن وِلن کا روپ ان پرکچھ ایسا جچاکہ چالیس برس تک وہ مسلسل منفی کردارہی کرتے رہے۔ الیاس کاشمیری نے اپنے فلمی کیریئر میں چھ سو سے زائد فلموں میں ہر طرح کے کردار ادا کئے لیکن فلم بینوں نے انہیں اکھڑ اور بد دماغ جاگیر دار کے منفی کرداروں میں زیادہ پسند کیا۔ زیست کے آخری ایام میں فلمی صنعت نے انہیں یکسر فراموش کر دیا تھا اور وہ بارہ دسمبر 2007کو بیماری سے لڑتے لڑتے اس جہان فانی سے کوچ کر گئے مگرا ن کے مداحوں کے ساتھ فلمی صنعت بھی ان کی کمی کو آج بھی شدت سے محسوس کرتی ہے۔