مقبوضہ وادی میں بھارتی پابندیوں سے صحافیوں کا کام کرنا مشکل ہوگیا

December 12, 2019

سرینگر (جنگ نیوز )مقبوضہ وادی میں بھارتی پابندیوں سے صحافیوں کا کام کرنا مشکل ہوگیا ،تمام اخبارات کی اشاعت سرکاری میڈیا سینٹر پر منحصر ہے اور سرکاری میڈیا سینٹر میں صحافیوں کو اپنی باری یا ای میل چیک کرنے کے لئے کم از کم آدھ سے ایک گھنٹے تک انتظار کرنا پڑتا ہے۔ دوسری جانب مقبوضہ کشمیر میں بدھ کو مسلسل 129ویں روز بھی بھارتی فوجی محاصرہ برقرار رہا جسکی وجہ سے وادی کشمیر اورجموں خطے کے مسلم اکثریتی علاقوں میں غیر یقینی صورتحال بدستور قائم ہے۔تفصیلات کے مطابق جموں وکشمیر حکومت نے سری نگر کے سونہ وار نامی علاقہ میں اقوام متحدہ فوجی مبصر کے دفتر کے عقب میں واقع ایک نجی ہوٹل میں میڈیا سینٹر قائم کیا جہاں انٹرنیٹ کنکشن سے لیس چار کمپیوٹر اور ایک موبائل فون رکھا گیا۔ چند ہفتوں کے بعد کمپیوٹرز کی تعداد بڑھا کر سات کی گئی اور پھر مزید تین کمپیوٹروں کا اضافہ کرکے یہ تعداد بڑھ کر دس ہوگئی۔