غلامانہ پالیسیوں نے ملک کو بدامنی کی دلدل میں دھکیل دیا‘جمعیت ن

December 12, 2019

اکوئٹہ(آن لائن)جمعیت علماء اسلام نظریاتی پاکستان کے سیکرٹری اطلاعات حاجی عبدالستار چشتی نے کہاہے کہ سی پیک کے متعلق چہ میگوئیاں افسوسناک ہیں۔ وفاق مغربی روٹ کے حوالے سے اپنے وعدے کی پاسداری کرے اورمغربی روٹ کے حوالے سے خدشات وتحفظات کودور کرنے کے لئے عملی اقدامات کرے۔ سی پیک کے مغربی روٹ‘ انرجی پارک‘ انڈسٹریل زون، فائبر آپٹیکل اور ریلوے لائن پر کام کے آغاز ہی سے صوبے کے عوام مطمئن ہوں گے۔ سی پیک 45 ارب کا منصوبہ ہے۔چین پاکستان اکنامک کا ریڈور اور اس کے مغربی روٹ کو اصل روٹ بنانے کی صورت میں پاکستان کے ان پسماندہ علاقوں میں ترقی کاایک موقع ہے ۔مغربی روٹ کی تعمیر سے ملک میں معاشی ترقی کی راہ ہموارہوگی اورروٹ سے ملحق دیہی اور پسماندہ علاقوں کی پسماندگی کے خاتمے میں بھی کافی مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ترقی کی راہ میں رکاوٹیں پیدا کرنے کے لئے عدم تحفظ کے حالات پیداکئے جارہے ہیں جس میں مختلف طاقتیں اور عوامل کارفرما ہیں ۔اس وقت بدقسمتی یہ ہے کہ دشمن قوتوں کی سازشوں کو بے نقاب کرنے کی بجائے ہم آپس میں دست و گریبان ہیں یہ سب دشمن قوتوں کی سازشوں کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاق کی استحصالی و امتیازانہ پالیسیوں اور صوبائی حکومتوں کی سودابازیوں سے بلوچستان میں احساس محرومی بڑھ رہا ہے۔ملک کو غربت مہنگائی بے روزگاری اور بدامنی کی دلدل میں حکمرانوں کے غلامانہ پالیسیوں نے دھکیل دیا۔انہوں نے کہا کہ دشمن کی سازشوں کو بے نقاب کرنے کیلئے آزادانہ پالیسیوں کی تشکیل اور متحد ہونا ہوگا وقت آگیاہے کہ جھوٹے وعدوں کی بجائے سی پیک میں بلوچستان کوتمام منصوبوں میں سرفہرست رکھا جائے ۔