طلباء کے مسائل حل کرنے کیلئے تمام صلاحیتیں بروئے کار لائینگے،پشتون ایس ایف

December 13, 2019

کوئٹہ (آئی این پی)پشتون ایس ایف کی آرگنائزنگ / الیکشن کمیٹی کے صوبائی چیئرمین عالمگیر مندوخیل، جنرل سیکرٹری مزمل خان کاکڑ اور ممبر معصوم خان میرزئی نے کہا ہے کہ پشتون ایس ایف بلوچستان میں طلباء کو درپیش مسائل کے حل کیلئے تمام کوششیں اور صلاحیتیں بروئے کار لائے گی۔ کارکن باچا خان بابا کے فلسفہ عدم تشدد پر کاربند رہتے ہوئے لڑائی جھگڑے سے گریزکریں۔ تنظیم کے اندر بھائی چارے کی فضا کو فروغ دیاجائے۔ بیان میں مطالبہ کیا گیا کہ گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ سائنس کالج کوئٹہ کا گزشتہ کئی سال سے بند ہاسٹل طلبا کیلئے کھول دیا جائے۔ جبکہ بلوچستان ہائیکورٹ کے حکم کے مطابق بلوچستان یونیورسٹی کے ہاسٹلوں کو سیکورٹی اداروں کے اہلکاروں سے فی الفور خالی کرایا جائے۔ بیان میں کہا گیا کہ تعلیمی اداروں میں سیکورٹی اداروں کی بیجا مداخلت سے صوبے میں تعلیمی ماحول نہایت ہی متاثر ہورہا ہے جہاں کالجز اور یونیورسٹیاں پرامن تعلیمی ماحول مہیا کرنے کی بجائے جنگ کے میدان کا منظر پیش کرنے لگی ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ پشتون ایس ایف نے اپنی نصف صدی کی تاریخ میں کبھی اپنے نظریات اور پروگرام پر سمجھوتہ نہیں کیا۔ ایک منظم تنظیم ہی باچاخان کی خدائی خدمتگار تحریک کے تسلسل کو آنے والی نسل تک بڑھا سکتی ہے۔ اس موقع پراس بات کا عہد کیا گیا کہ پشتون ایس ایف پشتون قوم کے مابین وجود رکھنے والی تمام سامراجی اور انتظامی لکیروں اور رکاوٹوں کو مٹانے تک اپنی جدوجہد جاری رکھےگی۔