سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن بدنام ادارہ بن گیا،پی ایم اے

December 14, 2019

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن سینٹر کےسیکرٹری جنرل ڈاکٹر قیصر سجاد نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن پولیس کی طرح بدنام ادارہ بن گیا ہے،شہر میں اچھے اسپتال بنے لیکن سندھ ہیلتھ کئیر کمیشن کی جانب سے چھاپہ مار کر نقص نکال کر سیل کردیا جاتا ہے۔ سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن مینڈیٹ کے خلاف کام کر رہا ہے، اتائی ڈاکٹرز کے خلاف کارروائی کرنے کی بجائے ڈاکٹرز کے خلاف کارروائی کی جاتی ہے، انہیں ہراساں کیا جاتا ہے، رجسٹریشن کا عمل تاحال رکا ہوا ہے، اکاؤنٹ سیکشن میں جا کر پوچھ گچھ کی جاتی ہے جو سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کا کام نہیں ہے،اس موقع پر صدر پی ایم اے سینٹر ڈاکٹر خلیل مقدم،خازن ڈاکٹر قاضی واثق، جنرل سیکرٹری پی ایم اے کراچی ڈاکٹر عبدالغفور شورو اور جوائنٹ سیکرٹری ڈاکٹر اسماعیل میمن بھی موجود تھے۔