بیرونی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے، گورنر اسٹیٹ بینک

December 14, 2019

Your browser doesnt support HTML5 video.

گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر نے کہا ہے کہ پاکستانی کوششوں پر ایف اے ٹی ایف خوش ہے، منی لانڈرنگ اور دہشت گرد فنانسنگ کا سدباب حکومت کے ریفارم پروگرام کا اہم جزو ہے، موجودہ صورتحال پہلے سے خاصی بہتر ہے، بیرونی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے۔

دوسری فنانشل کرائم سمٹ سے خطاب کرتے ہوئےگورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر نے کہا کہ حکومت ایف اے ٹی ایف شرائط پر عمل کر رہی ہے ، کالعدم تنظیموں کی مالی معاونت روکے جانے سے ملک کو فائدہ ہوا ہے۔

رضا باقر نے بتایا کہ عالمی ادارے پاکستانی کوششوں کے معترف ہیں، حکومتی کوششوں سے ایف اے ٹی ایف اور آئی ایم ایف خوش ہیں ۔

گورنر اسٹیٹ بینک کے مطابق شرح تبادلہ پر فیصلہ صحیح بنیادوں پر کیا گیا، شرح تبادلہ پر دباؤ کم ہوا ہے اور زر مبادلہ ذخائر بڑھے ہیں، بچت کی رغبت مل رہی ہے لوگوں نے اپنے زرمبادلہ اکاؤنٹ روپے میں منتقل کرکے سیونگ اکاؤنٹ میں رکھے ہیں جس کا ملک کو فائدہ ہوا ہے۔

انہوںنے بتایا کہ شرح تبادلہ سے بہتری کے اشارے مل رہے ہیں، مالیاتی شعبے کی اصلاحات کا سلسلہ جاری ہے، معاشی پیش رفت استحکام اور بہتری کی جانب ہے ،حکومت بہتر کاروباری ماحول فراہم کرنے کا عزم رکھتی ہے۔

گورنر اسٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ صنعتی شعبے کو درپیش ادائیگیوں کے مسائل حل کرنےکے لئے اہم فیصلے کئے ہیں، حکومتی ریفارمز پروگرام سے بیرونی سرمایہ کاروں کااعتماد بحال ہوا ہے۔