نئے ارکان اسمبلی عوام کے خادم ہیں، بورس جانسن

December 15, 2019

کراچی (نیوز ڈیسک)برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے شمالی انگلینڈ کادورہ کرکے الیکشن نتائج پر اپنےووٹرز کا شکریہ ادا کیا ہے ، انہوں نے لیبر پارٹی کے مضبوط گڑھ میں جیتنے والے اپنے ارکان اسمبلی اور حامیوں سے ملاقات کی ، انہوں نے نئے ارکان اسمبلی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ عوام کے خادم ہیں، برطانوی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وہ عوام کی امیدوں پر پورا اتریں گے ، عوام نے ایک بڑ ی سیاسی تبدیلی لاتے ہوئے ان کا انتخاب کیا ہے، ٹونی بلیئر کے سابق حلقہ انتخاب میں خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے کنزرویٹیو کو ووٹ دینےپر وہاں کی عوام کا شکریہ ادا کیا ، بورس جانسن کائونٹی درہام کے علاقے پہنچے جہاں 84برس بعد کنزرویٹیو کا امیدوار کامیاب ہوا ہے ، واضح رہے کہ برطانوی انتخابات میں بورس جانسن کی جماعت نے 30سالہ تاریخ میں سب سے بڑی فتح حاصل کرتے ہوئے 80فیصد اکثریت حاصل کرلی ہے جبکہ اس کے برعکس لیبر پارٹی کو 1930کے بعد بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔