سندھ پولیس میں تعیناتیاں ہائیکورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی ہے، حلیم عادل

December 16, 2019

کراچی(اسٹاف ر پو ر ٹر) پی ٹی آئی کے سندھ اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر حلیم عادل شیخ نے انصاف ہائوس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ پولیس میں تعیناتیاں ہائیکورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی ہے،تمام کرپٹ افسران کی لسٹ بنائیں گے ان کو رہنے نہیں دینا،مرتضٰی وہاب کی باری بھی آنے والی ہے،سندھ حکومت نے غیر قانونی ایڈوائزر لگائے ہوئے ہیں،سپریم کورٹ میں جائیں گے جو غیر قانونی ایڈوائزر لگائے گئے ہیں ان کو ہٹانے کا مطالبہ کریں گے،انہوں نے مزید کہا کہ سندھ میں پولیس افسران خوفزدہ ہیں، بسمہ کیس کا پتا نہیں چل سکا ،کئی کیسز کو دبا دیا گیا ہے،پولیس کو گھر کی لونڈی بنا رکھا ہے،نئے پولیس آرڈر پر آئی جی سندھ نے بھی خط لکھا تھا بغیر آئی جی سے پوچھے ساری پوسٹنگز کی جارہی ہیں،جو ہائی کورٹ کے احکامات کی پامالی ہے،دوسری طرف سندھ کے بچے ایڈز میں مبتلا ہوگئے ، تھرپارکر میں بچے مر گئے کتے کے کاٹنے کی ویکسین تک نہیں،مٹھی میں اسپتالوں میں مریضوں کا کھانا بند ہوگیا ایمبولنس کا پیٹرول نہیں دیا جاتا خواتین اپنے بچوں کی لاشوں کو اٹھانے کے لئے بھیک مانگ رہی ہیں مگر آج تک کسی افسر کو نہیں نکالا گیا ہم ہر سطح پر جائیں گے اور سندھ حکومت کو غیر قانونی کاموں سے روکیں گے۔