برطانیہ کی یورپ سے علیحدگی: بیلجیئم میں 42 ہزار افراد بے روزگار ہوجائینگے

December 16, 2019

برطانیہ کی یورپ سے علیحدگی کے نتیجے میں بیلجیئم کے 42 ہزار افراد بے روزگار ہوجائیں گے۔ یہ بات بیلجیئم کی معروف لیون یونیورسٹی اور فلامش گورنمنٹ کی جانب سے کروائی گئی تازہ تحقیق میں بتائی گئی۔

اس تحقیق کے مطابق بیلجیئم کا فلامش بولنے والا علاقہ جو کہ فلاندرز کہلاتا ہے وہاں سے 28 ہزار، فرانسیسی زبان بولنے والوں کے علاقے والونیا سے 10 ہزار اور دارالحکومت برسلز سے 4 ہزار نوکریاں ختم ہوجائیں گی۔

بیلجیئم کا دوسرا بڑا اور ساحلی شہر اینٹورپن اس سے سب سے زیادہ متاثر ہوگا۔ جہاں سے 7 ہزار 900 افراد اپنے روزگار سے ہاتھ دھو بیٹھیں گے۔

اس تحقیق کے مطابق جو شعبے سب سے زیادہ متاثر ہوں گے، ان میں خوراک اور ٹیکسٹائل شامل ہیں۔

اسٹڈی کے مطابق بریگزیٹ کے بعد اگر یورپ اور برطانیہ کے درمیان تجارت کا کوئی قابل عمل فارمولا نکل آتا ہے تو اس کے ذریعے ان 42 ہزار میں سے 6 ہزار ملازمتوں کو بچایا جاسکتا ہے۔