بھارت میں متنازع شہریت بل پر امریکی رکن کانگریس بھی بول پڑیں

December 25, 2019

بھارت میں متنازع شہریت کا بل پاس ہونے کے بعد صورتحال گمبھیر ہے اور اس کی گونج امریکا کے ایوانوں میں بھی سنائی دے رہی ہے ۔

بھارت میں خراب صورت حال، مظاہروں اور پولیس کی جانب سے مسلمانوں کے اوپر ظلم ڈھائے جانے کے خلاف امریکی رکن کانگریس بھی بول پڑیں۔

بھارتی نژاد امریکی رکن کانگریس پرامیلا جے پال نے کہا ہے کہ بھارت میں انسانی حقوق کی صورتحال انتہائی خراب ہے۔

امریکی رکن کانگریس پرامیلا جے پال کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیرخارجہ کا مجھ سے ملنے سے انکار بھارتی کمزوری کا عکاس ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیرخارجہ اس لیے نہیں ملے کہ میں نے ایوان میں کشمیر پر قرارداد پیش کی۔

امریکی رکن کانگریس نے کہا کہ 5 ہزار کشمیری زیرحراست ہیں ان میں 144 بچے شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے اب شہریت کا نیا قانون متعارف کرایا جارہا ہے، جبکہ نئے قانون میں مسلمانوں کو تعصب کا شکار بنانا سیکولر پالیسیوں سے انحراف ہے۔