پی ٹی آئی رہنما اور غیر ملکی بلاگر میں لفظی جنگ

January 03, 2020

تحریک انصاف کی فارن میڈیا سربراہ انیلا خواجہ اور غیر ملکی بلاگر سینتھیا ڈی رچرڈ کے درمیان شروع ہونے والی تکرار طول پکڑ گئی۔

سوشل میڈیا سائٹ ٹوئٹر پر انیلا خواجہ اور سینتھیا کے درمیان لفظی بحث جاری ہے جس میں سینتھیا کا کہنا ہے کہ انیلا اُن کی نیو ائیر پارٹی میں بن بلائے پہنچ گئیں۔

سینتھیا نے یہ دعویٰ بھی کردیا کہ انیلا نے انہیں عمران خان سے متعلق کتاب لکھ کر سارے راز فاش کرنے کی دھمکی بھی دی۔

سینتھیا اور انیلا کے درمیان آخر چل کیا رہا ہے؟

تحریک انصاف کی کارکن انیلا خواجہ کی جانب سے کئے جانے والے سوشل میڈیا پیغام میں لکھا گیا کہ ایک غیر ملکی بلاگر اپنی تمام اقدار، وقار اور میزبانی کی تمام روایات توڑتے ہوئے بدسلوکی سے پیش آئیں جبکہ اس وقت نئے سال کےموقع پر پاکستانی خاموش تماشبین بنے کھڑے رہے۔

انہوں نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ ہم متحد ہونا اور ایک دوسرے کااحترام کرنا کب سیکھیں گے؟

معروف امریکی بلاگر اور صحافی سینتھیا نے انیلا کے اس دعوے کو رد کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کی غیر ملکی میڈیا ہیڈ کو پارٹی میں مدعو نہیں کیا گیا تھا۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ گزشتہ کچھ عرصے سے ان کی بدسلوکی ان کو پارٹی میں مدعو نہ کرنے کی وجہ بنا۔ انہوں نے انیلا کو تہذیب سیکھنے کا مشورہ دیتے ہوئے لکھا کہ بغیر دعوت کے کہیں جانا نامناسب ہے، کچھ اخلاقیات سیکھ لیں۔

اس کے بعد کیے گئے ٹوئٹس میں سینتھیا نےانیلا خواجہ کو مخاطب کیا اور کہا کہ ’وہاں میں اکیلی غیر ملکی شخصیت نہیں تھی ، اپنا مقام مت بھولو۔ میں جانتی ہوں کہ آپ کیسی شخصیت ہو۔‘

انہوں نے انیلا کی ماضی میں کہی گئی اس بات کو بھی دہرایا جس میں انہوں نے عمران خان سے متعلق کتاب لکھ کر حقائق بیان کرنے کی دھمکی بھی دی تھی۔

غیر ملکی صحافی کی جانب سےٹوئٹس کا سلسلہ جاری ہے۔ ایک اور ٹوئٹ میں انہوں نے لکھا کہ ’انیلا واٹس ایپ پر دعویٰ کررہی ہیں کہ میں نے ایک اور مہمان کو بن بلایا مہمان قراردیا ہے، وہ مہمان بھی دیگر تمام مہمانوں کی طرح آرایس وی پی، نام اور قومیتیں بتانے کاپابند تھا۔

اور وہ بھی مہمانوں کی فہرست میں شامل نہیں تھا، انہوں نے پی ٹی آئی کو ٹیگ کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کے فارن میڈیا کی سربراہ ایک بار پھر مسائل پیدا کررہی ہیں۔

انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں یہ بھی بتایا کہ انیلا نے انہیں ٹوئٹر پر بلاک کردیا ہے لیکن پھر بھی وہ ان کے ٹوئٹس واٹس ایپ پر شیئر کر رہی ہیں۔

دونوں کی اس لفظی جنگ میں سوشل میڈیا صارفین بھی حصہ لے رہے ہیں اور ملا جلا رد عمل سامنے آرہا ہے۔

انہوں نے صارفین کو وضاحت دیتے ہوئے لکھا کہ انیلا کی جانب سے بحث کا آغاز کیا گیا۔ اس لیے میں نے ضروری سمجھا کہ وضاحت کردوں کہ دراصل معاملہ کیا ہے۔

سینتھیا نے گزشتہ روز نیو ایئر پارٹی میں لی گئی تصویریں بھی شیئر کیں اور ساتھ لکھا کہ نئے سال کا جشن زبردست رہا۔