برطانیہ میں سمندری طوفان اور بارشیں، بجلی منقطع، پروازیں معطل

January 14, 2020

برطانیہ کے مختلف حصوں میں سمندری طوفان برینڈن کے باعث تیز ہواؤں کے ساتھ بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔

اسکاٹ لینڈ میں سمندر میں لہر 25 فٹ تک بلند ہوگئی۔ تیز ہواؤں کی وجہ سے درخت اکھڑ گئے، چھتیں اڑ گئیں، بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا، جبکہ متعدد پروازیں بھی منسوخ کرنا پڑگئیں۔

طوفان سے آئرلینڈ اور اسکاٹ لینڈ کے شمال مغربی حصے زیادہ متاثر ہوئے، جہاں اسکول بند کردیے گئے ہیں اور فیری سروس بھی متاثر ہوئی ہے۔

آئرلینڈ میں بجلی کا نظام درہم برہم ہونے سے 48 ہزار گھروں کو بجلی کی فراہمی منقطع ہوگئی ہے۔131 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں کے باعث ٹرین سروس اور مختلف ایئر پورٹس پر پروازوں کی آمدورفت بھی معطل ہے۔