قاتل کے شریک جرم کو ضمانت پر رہائی کا حکم نہیں دے سکتے،عدالت

January 15, 2020

کراچی (اسٹاف رپورٹر)جوڈیشل کمپلیکس میں قائم سیشن عدالت نے اینکر مرید عباس قتل کیس میں نامزد ملزم عاطف زمان کے بھائی عادل زمان کی درخواست ضمانت مسترد کردی، دوران سماعت وکیل نے اپنے دلائل میں کہا کہ جس پستول سے مرید عباس سمیت دو افراد کا قتل کیا گیا وہ عادل زمان کا ہے،پستول کا لائسنس بھی عادل زمان کے نام ہے،ملزم دونوں افراد کے قتل کے وقت عاطف زمان کے ساتھ تھا،ملزم عادل زمان نے مرید عباس کے قتل کے وقت عمر ریحان سے ہاتھا پائی بھی کی،گواہوں نے جوڈیشل مجسٹریٹ کے سامنے ملزم کو شناخت کیا،عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ ملزم قاتل کا شریک جرم ہے ضمانت پر رہائی کا حکم نہیں دے سکتے،عاطف زمان کے وکیل کی عدم حاضری پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ آئندہ سماعت پر ہر صورت اپنے وکیل کو پیش کریں،عدالت نے 25 جنوری کو ملزمان پر فردجرم عائد کرنے کی تاریخ مقرر کردی۔