کراچی میں119ارب روپے لاگت سے44ترقیاتی منصوبے پورے کرنے کی یقین دہانی

January 15, 2020

اسلام آباد (مہتاب حیدر) ایم کیو ایم پاکستان کو تحریک انصاف کی قیادت میں وفاق کی مخلوط حکومت سے راہیں جدا کرنے کے لئے باور کرانے کی کوششوں کے تحت وفاقی حکومت نے کراچی میں119ارب کی تخمینی لاگت سے44ترقیاتی منصوبے مکمل کرنے اور شہر میں بھرپور اقتصادی سرگرمیوں کی یقین دہانی کرائی ہے۔

وزیراعظم ہاؤس کے ذرائع نے بتایا کہ وفاق کے تحت کچھ منصوبے مشکلات اور مسائل کا باعث ہیں جیسے عظیم تر آب رسانی منصوبہ (کے۔ فور) اس کی نظرثانی شدہ لاگت مرکز اور صوبے میں نصف، نصف شراکت داری کی بنیاد پر 25 ارب 51 کروڑ روپے ہو گئی ہے۔

منصوبہ بندی کمیشن نے منصوبے کے ڈیزائن میں بڑی خامیوں کی نشاندہی کی ہے۔ وفاق نے سندھ سے کہا ہے کہ وہ اس منصوبے کو مقررہ ٹائم فریم اور لاگت میں مکمل کرے۔ چند سال قبل مرکز نے صوبے کے لئے 9 ارب 30 کروڑ روپے مختص کئے تھے لیکن یہ رقم استعمال نہیں ہو سکی۔

خدشہ ہے اب لاگت کئی گنا بڑھ جائے گی۔ شہر کے کئی نئے علاقوں کی شمولیت اور 5میگا واٹ بجلی کے پلانٹ کی تنصیب کے بعد لاگت 75 ارب روپے ہو جائے گی۔

ایک علیحدہ لیکن متعلقہ پیشرفت کے تحت چیئرپرسن پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ بورڈ ناہید ایس درانی نے اپنا عہدہ چھوڑ دیا ہے ان کی جگہ اب محمد وسیم نے لے لی ہے۔