ڈیل اور ڈھیل تبدیلی سرکار کا ٹریڈ مارک ہے، الطاف شاہد

January 15, 2020

لندن (پ ر) پاک سر زمین پارٹی برطانیہ کے صدر چوہدری محمد الطاف شاہد نے کہا ہے کہ قومی چوروں کے ساتھ ڈیل اور انہیں ڈھیل تبدیلی سرکار کاٹریڈ مارک ہے۔ حکمران جماعت کے لوگ دن میں ہزار بار اپنا موقف تبدیل کرتے ہیں، وہ اپنے وعدے وفا اور عوام کو ڈیلیور نہیں کرسکتے۔ پاکستان میں اپوزیشن لیڈر کا کردار سیّد مصطفی کمال ادا کر رہے ہیں، باقی پارٹیوں کی قیادت احتساب کے ڈر سے خاموش ہے۔ سیّد مصطفی کمال کے لاہور اور کوئٹہ کے کامیاب دوروں نے دھوم مچا دی، 24جنوری کو لاڑکانہ میں پی ایس پی کے تاریخی اجتماع سے قومی سیاست کا رخ تبدیل ہو جائے گا۔ چاروں صوبوں میں پی ایس پی کی پذیرائی نے حکمرانوں کے پیروں کے نیچے سے زمین کھینچ لی ہے۔ وہ مقامی ہوٹل میں ایک سیمینار سے خطاب کر رہے تھے۔ سینئر نائب صدر مرزا فیصل محمود، سابق جنرل سیکرٹری غلام نبی عامر، جوائنٹ سیکرٹری عمران خان نے بھی سیمینار سے خطاب کیا۔ چوہدری محمد الطاف شاہد نے مزید کہا کہ وزیراعظم سمیت وفاقی وزراء کے بیانات میں بدترین تضادات کے نتیجہ میں ملک میں سیاسی و آئینی تنازعات پیدا ہوئے۔