قائدین کی برسی پر 20جنوری کو تعزیتی ریفرنس ہو گا، اے این پی

January 17, 2020

کوئٹہ ( آئی این پی )عوامی نیشنل پارٹی کوئٹہ کی کابینہ کااجلاس زیر صدارت ضلعی صدر جمال الدین رشتیا، سید یاسین آغا کی رہائش گاہ پر ہوا۔ جس میں کابینہ ارکان حاجی نذر علی پیر علی زئی ،عین الدین ترین ،ثناء اللہ کاکڑ، سید یاسین آغا، زمان کاکڑ، اخلاق بازئی ،ماسٹر عبدالعزیز کاکڑ، ندیم کاسی اور حبیب ننگیال نے شرکت کی ۔اجلاس میں 20جنوری کو باچاخان اور ولی خان کی برسی کے حوالے سے انتظامات کو حتمی شکل دی گئی ۔اجلاس میں ہونے والے فیصلوں کی روشنی میں تمام یونٹوں کے صدور وجنرل سیکرٹریز کو خصوصی ہدایت کی گئی کہ 20جنوری کو 3بجے کوئٹہ پریس کلب میں تعزیتی ریفرنس میں کارکنوں کے ہمراہ شرکت یقینی بنائیں۔ ضلعی صدر نے باچاخان کی 32ویں اور خان عبدالولی خان کی 14ویں برسی کے موقع پر انہیں ان کی قومی ،سیاسی ،وطنی اور جمہوری خدمات پر زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ تحریک آزادی کے سر خیل فخر افغان باچاخان کی جدوجہد کی بدولت خطے کو انگریز سامراج سے نجات ملی۔ فلسفہ عدم تشدد آج بھی خطے کے مصائب و مشکلات کا مداوا اور خطے کو امن ترقی وخوشحالی کی جانب راغب کر سکتا ہے ۔اجلاس میں سول سوسائٹی ،وکلاء برادری اور طلباء تنظیموں کو خصوصی شرکت کی دعوت دی گئی۔ اجلاس میں ضلعی رہنماء صحبت کاکڑ کی بھابھی کی وفات پر فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔