لیسسٹر میں 10سالہ لڑکے کو خنجر گھونپ دیا گیا،حالت خطرے سے باہر

January 20, 2020

لندن (پی اے) لیسسٹر کے علاقے میں واقع بیلپر اسٹریٹ پر گزشتہ روز شام 5 بج کر 20 منٹ پر ایک 10 سالہ لڑکے کو، جو اپنی والدہ کے ساتھ باہر نکلا تھا، ایک 20 سالہ نوجوان نےخنجر گھونپ دیا، تاہم ہسپتال میں اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔ پولیس کا کہناہے کہ لڑکے کو خنجر گھونپنے والا ملزم فرار ہوگیا، کئی افراد نے ایمرجنسی سروسز میں فون کر کے واقعے کی اطلاع دی، جس کے بعد لڑکے کو ناٹنگھم کے ہسپتال پہنچا دیا گیا، جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔ لڑکے کی ماں محفوظ رہی۔ لیسسٹر پولیس نے بتایا ہے کہ حملہ آور کی شباہت ایشیائیوں سے ملتی ہے، وہ 5 فٹ 10 انچ کا قدآور اور کسرتی جسم کا مالک ہے، ملزم برائون جیکٹ پہنے ہوئے تھا۔ تفتیشی انسپکٹر ٹم لندلے نے اس واقعے کو پرتشدد واقعہ قرار دیا ہے اور واقعے کے عینی شاہدین سے پولیس سے رابطہ کر کے تعاون کرنے کی اپیل کی ہے۔