نئی دہلی: بھارت، آسٹریلیا میچ پر سٹہ لگانے والا گروہ پکڑا گیا

January 20, 2020

نئی دہلی: سٹہ باز گروہ کے ارکان پولیس کی تحویل میں

نئی دہلی میں بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان ایک روزہ میچ پر سٹہ لگانے والے گروہ کے11 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق کرائم برانچ کی اسپیشل ٹاسک فورس (ایس ٹی ایف) نے خفیہ اطلاع پر نئی دہلی کے ایک فلیٹ پر چھاپہ مارا، جس کے دوران 11سٹے بازوں کو گرفتار کیا گیا۔

چھاپے کے دوران سات لیپ ٹاپس، 74 موبائل فونز، 2 ایل سی ڈی ٹیلی وژن اور موبال فونز رکھنے اور اُنہیں مسلسل چارج کرنے کے لیے خصوصی طور پر ڈیزائن کیے گئے 4 بریف کیس بھی قبضے میں لے لیے گئے۔

خصوصی ٹاسک فورس کو اطلاع ملی تھی کہ ملزمان 19 جنوری کو بنگلورو میں بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے جانے والے ایک روزہ میچ پر سٹہ کھیلیں گے، سٹہ باز گروہ پہلے ہی میچ پر پانچ کروڑ کا سٹہ لگا چکا تھا۔

گرفتار ملزمان میں گینگ کا سرغنہ امیت اروڑا بھی شامل ہے، سٹہ بازوں کا یہ ریکٹ بھارت بھر میں کام کرتا ہے۔