آٹے کا بحران پیدا کرنیوالوں کو معاف نہیں کیا جائیگا:ندیم قریشی

January 24, 2020

ملتان(سٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب کے ترجمان ندیم قریشی نے کہا ہے کہ صوبے میں آٹے کا مصنوعی بحران پیدا کرنے والوں کو ہر گز معاف نہیں کیا جائے گا ۔ملک جلد اس بحران سے نکل جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحریک انصاف شعبہ خواتین کی سینئر رہنما قربان فاطمہ سے ملاقات میں کیا جس میں ندیم قریشی نے قربان فاطمہ کی پارٹی کیلئے خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ تحریک انصاف ملک کی واحد سیاسی جماعت ہے جس میں کارکن کو اس کا صحیح مقام اور مرتبہ دیا جاتا ہے۔ مجھے توقع ہے کہ خواتین کی تنظیم سازی میں بھی حق دار کو حق ملے گا۔ ندیم قریشی نے کہا کہ کچھ خواتین ملک میں بلاوجہ بحران پیدا کر رہی ہیں ۔حالیہ آٹے کا بحران بھی ایسی سازش کا نتیجہ ہے جسے حکومتی پالیسی کے تحت ناکام بنادیا گیا ہے اور اب آٹا ہر شہر اور دیہات میں موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ کارکن پارٹی کا دفاع کریں اور سازشی عناصر کی سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے عوام کی رہنمائی کریں ۔اس موقع پر میاں فاروق احمد اور دیگر رہنما بھی ہمراہ تھے۔