عمران خان ناکام ترین وزیراعظم ہیں، پاکستان کی بہتری کیلئے جان چھڑانا ہوگی، شہبا زشریف

January 25, 2020

لندن (صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان ناکام ترین وزیراعظم ہیں،پاکستان کی بہتری کیلئے ان سے جلد جان چھڑاناہوگی،ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ کے بعد چور چور،ڈاکوڈاکوکی گردان کرنے والے قوم کو کیامنہ دکھائیں گے،پوری دنیا کو پتہ چل گیانوازشریف کے دور میں کرپشن کم ہورہی تھی،موجودہ حکومت میں بڑھ رہی ہے۔ گزشتہ روز صحافیوں سے بات چیت کے دوران انہوں نے کہا کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل برلن کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں 2018کے مقابلے میں 2019میں کرپشن بڑھ گئی ہے ،یہ بڑی افسوسناک بات ہے ، اس لئے کہ پاکستان ہم سب کا ملک ہے اور یہ بات روز روشن کی طرح عیاں ہے کہ میاں نواز شریف کے دور میں ہر سال جب ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل برلن کی رپورٹ شائع ہوتی تھی تو پاکستان میں کرپشن میں کمی کے حوالہ سے اعشاریے بہتر ہو رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت ہر محاذ پر بری طرح ہر محاذ پر ناکام ہوئی ہے، عمران خان اپنے ا پ کو کرپشن کے خاتمے کاچیمپیئن کہتے تھے اورکہتے ہیں ، ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ کے بعد قوم کو کیا منہ دکھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے دور میں اربوں ، کھربوں کے منصوبے بھی لگے اور وہ شفافیت کے اعتبار سے بھی پاکستان آگے گیا ۔ انھوں نے اب توپوری دنیا کو پتہ چل گیا کہ نواز شریف کے دور میں کرپشن میں بتدریج کمی بھی ہو رہی تھی اور پاکستان ترقی اور خوشحالی کی طرف بڑی تیزی سے گامزن تھا ،آج دیکھیں ہر محاذ پر ناکام ہونے کے بعد اس حکومت نے لوگوں سے روٹی کا نوالہ چھین لیا ہے، آٹے کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ۔ شہبازشریف کاکہنا تھا کہ ڈیڑھ سال میں پاکستان میں گندم کی کمی ہو گئی اور آٹا دستیاب نہیں ہے اور لوگ چیخ وپکار کر رہے ہیں اور ایک وقت کی روٹی دستیاب نہیں ، یہ حالات دیکھتی آنکھ نے70 سال میں پہلے کبھی نہیں دیکھے تھے ۔پارلیمنٹ کو حقائق سے آگاہ کیا جائے۔انھوں نے کہاکہ موجودہ حکومت پاکستان کی ناکام ترین حکومت ہے اور عمران خان ناکام ترین وزیر اعظم ہیں اور دن رات یوٹرن لیتے ہیں ، دن رات غلط بیانی کرتے ہیں اور آج پاکستانی معیشت کو تباہی کے دہانے پہنچانے کی ساری ذمہ داری عمران خان اور پی ٹی آئی کی ہے، جتنی جلدی ان سے جان چھڑائیں گے اتنی جلدی پاکستان کی بہتری ہو گی۔