لاکھڑا کول مائنزِ کےملازمین کا مطالبات کے حق میں احتجاج

January 26, 2020

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) لاکھڑا کول مائنز جامشورو کے ملازمین نے ہفتے کو بھی پریس کلب کے سامنے اپنے مطالبات کی منظوری کے لئے احتجاجی مظاہر ہ کیا۔ اس موقع پر پاکستان منرل ڈولپمنٹ کارپوریشن (پی ایم ڈی سی) ایمپلائزیونین لاکھڑا کول مائنز جامشورو کے ملازمین نے لاکھڑا کول مائنز کو حکومت سندھ کی جانب سے تحویل میں لیکر اومنی گروپ کے حوالے کرنے‘ کوئلے کی پولیس کی نگرانی میں مبینہ چوری اور گذشتہ 4ماہ سے تنخواہیں نہ ملنے پر احتجاجی مظاہر ہ کیا‘ مظاہرین نے چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ‘ وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل اور حکومت سندھ سے مطالبہ کیا کہ قومی مفادات کے تحت پی ایم ڈی سی کی لیز کو بحال کیا جائے اور ملازمین کی تنخواہیں جاری کرکے مزدوروں کا معاشی قتل عام بند کیا جائے۔