کوئی اتحادی ناراض نہیں، متحدہ ہمارے ساتھ ہے، گورنرسندھ

January 27, 2020

کراچی(اسٹاف رپورٹر)گورنر سند ھ عمران اسمٰعیل نے کہا ہے کہ کوئی اتحادی حکومت سے ناراض نہیں ، متحدہ نے وزارت سے استعفیٰ دیا لیکن حکومت کے ساتھ ہے وہ ہمارے اتحادی تھے اور رہیں گے، ترقیاتی منصوبوں کے لئے اتحادیوں کے ساتھ پیپلزپارٹی سے بھی مشاورت کریں گے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کی جاسکیں اس ضمن میں وفاق پورے صوبہ میں ترقیاتی منصوبے شروع کرنے کو تیار ہے،ان خیا لات کا اظہار انہو ں نے پنجاب گراؤنڈ شاہ فیصل کالونی میں مستحق افراد میں کمبل تقسیم کرنے کی تقریب کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان نے واضح ہدایت کی ہے کہ ملک بھر میں غریب افراد میں سردی سے بچاؤ کے لئے کمبل تقسیم کئے جائیں، کامیاب نوجوان پروگرام کراچی سے شروع کررہے ہیں وزیر اعظم اپنے دورہ میں منتخب نوجوانوں میں چیک بھی تقسیم کریں گے،ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پیر کو کراچی پہنچیں گے وزیراعظم اپنے شیڈول کے مطابق پیر صاحب پگارا کی والدہ کی عیادت کے لئے کنگری ہاؤس بھی جائیں گے جبکہ وزیر اعلیٰ سندھ سے بھی ملاقات طے ہے اور پی ایف میوزیم میں شوکت خانم اسپتال کی فنڈ ریزنگ میں بھی وزیراعظم شرکت کریں گے ، ایک اور سوال کے جواب میں کہا کہ آئی جی سندھ پولیس کے معاملہ پر کل پیش رفت متوقع ہے تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے فیصلہ کیا جائے گا،گورنرسندھ نے کہا کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے خود اعتراف کیا کہ رپورٹ 2 برس پرانی ہے جبکہ ہماری حکومت کو ڈیرھ برس ہی ہوا ہے ، معیشت بہتری کی جانب گامزن ،تمام معاشی اشاریئے اس کی تصدیق کررہے ہیں، کراچی میں صفائی ستھرائی کے حوالہ سے پوچھے گئے سوال پر گورنرسندھ نے کہا کہ کچرا اٹھانا بلدیہ عظمیٰ کراچی کی ذمہ داری ہے ویسے اختیارات سندھ حکومت کے پاس وہ اس ضمن میں کوئی فیصلہ کرے تو زیادہ بہتر ہوگا ۔تجاوزات کے خلاف آپریشن میں ہٹائے جانے والے پتھارے اور ٹھیلے والوں کو متبادل جگہ کی فراہمی کے سوال پر کہاکہ میئر کراچی کو اس سلسلے میں اقدامات کرنا چاہئیں۔