بگ بیش لیگ: حارث رؤف نے میلبرن اسٹارز کو فائنل میں پہنچادیا

February 06, 2020

بگ بیش لیگ: حارث رؤف نے میلبرن اسٹارز کو فائنل میں پہنچادیا

لاہور قلندرز کی دریافت فاسٹ بولر حارث رؤف کی شاندار بولنگ اور اسٹوئنس اور لارکن کی شاندار بیٹنگ کی بدولت میلبرن اسٹارز بگ بیش لیگ (بی بی ایل) کے فائنل میں پہنچ گئی، نوجوان بولر نے چار اوورز میں 17 رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کیں، سڈنی تھنڈر کو 28 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

میلبرن میں کھیلے گئے میچ میں میزبان ٹیم نے پہلے بیٹنگ کی جہاں 38 کے مجموعی اسکور پر میڈینسن کے آؤٹ ہونے کے بعد کھیل کا کنٹرول اسٹوئنس اور لارکن نے سنبھال لیا اور 117 رنز کی شاندار شراکت قائم کی۔

دونوں بیٹسمینوں نے حریف بولرز کی خوب دُھلائی کی، لارکن نے صرف 49 گیندوں پر 9 چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 83 رنز بنائے، اسٹوئنس نے بھی اتنے ہی رنز 7 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے اسکور کیے۔ یوں میلبرن اسٹارز کا اسکور 2 وکٹ پر 194 رنز رہا۔

ہدف کے تعاقب میں سڈنی تھنڈر کی وکٹیں وقفے، وقفے سے گرتی رہیں۔ حارث رؤف نے فرگیسن، کرس موریس اور لینٹن کی وکٹیں حاصل کرکے فتح کے لیے حریف ٹیم کی اُمیدیں خاک میں ملادیں، سڈنی تھنڈر 8 وکٹ پر 166 رنز تک پہنچ سکی جس کے ساتھ ہی میلبرن اسٹارز نے 28 رنز سے نا صرف میچ اپنے نام کرلیا بلکہ فائنل کے لیے بھی کوالیفائی کرلیا۔

نک لارکن کو شاندار بیٹنگ پرفارمنس پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

فیصلہ کن معرکے میں میلبرن اسٹارز اور سڈنی سکسرز کی ٹیمیں ہفتے کو فائنل میں آمنے سامنے ہوں گی۔