حکومت کسی کے خلاف کیس بنانے کا ارادہ نہیں رکھتی، علی محمد خان

February 14, 2020

حکومت کسی کے خلاف کیس بنانے کا ارادہ نہیں رکھتی ، علی محمد خان

وزیر مملکت علی محمد خان کا کہنا ہے کہ حکومت کسی کے خلاف کیس بنانے کا ارادہ نہیں رکھتی، اس حوالے سے مزید وزیر داخلہ ایوان میں بتادیں گے۔

علی محمد خان نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دھرنا دینا ہر کسی کا حق ہے، مولانا فضل الرحمان ایک سال کے لیے دھرنا دینا چاہیں تو دیں۔

انہوںنے کہا کہ مقدمےکی بات اس سوال پر ہوئی کہ کس نے غیر آئینی طور پر مولانافضل الرحمان کویقین دہانی کرائی ہے۔

علی محمد خان نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کو اس سوال کا جواب ضرور دینا ہو گا کہ کس نے انہیں کیا یقین دہانی کرائی تھی۔

’مقدمات بنائے گئے تو یہ حکومت کا چھوٹا پن ہوگا‘، بلاول

اس سے قبل چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ سنا ہے حکومت نے فضل الرحمان اور خواجہ آصف کے خلاف غداری کا مقدمہ چلانے کا فیصلہ کیا ہے، سیاسی ورکرز اور سیاسی قیادت کے خلاف غداری کے مقدمے کس طرح بنائے جا رہے ہیں۔

قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ ایسے مقدمات کیے گئے تو یہ حکومت کا چھوٹا پن ہو گا، کیا حکومت سیاسی قیادت کو غداری کی مد میں سیاسی انتقام کا نشانہ بنائے گی؟

انہوں نے سوال اٹھایا کہ کس بہانے پر ان رہنماؤں کے خلاف غداری کے مقدمے بنائے جارہے ہیں؟