مولانا پرآرٹیکل چھ لگنا چاہئے تو عمران کا دھرنا کیا تھا، تجزیہ کار

February 15, 2020


کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیوکے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میں میزبان کے پہلے سوال عمران خان کہتے ہیں مولانا پر آرٹیکل چھ لاگو ہونا چاہئے، کیا مولانا فضل الرحمٰن پر آرٹیکل چھ لگنا چاہئے؟ کا جواب دیتے ہوئے تجزیہ کاروں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن کے دھرنے پر اگر آرٹیکل چھ لگنا چاہئے تو عمران خان کا 126دن کا دھرنا کیا تھا،وزیراعظم کی یہ بات غلط نہیں کہ تحقیقات کی جائیں مولانا فضل الرحمٰن کو کس نے کہا تھا کہ حکومت ختم ہونے جارہی ہے۔سلیم صافی نے کہا کہ وزیراعظم کی باتوں سے ان کی غیرسنجیدگی کا اندازہ ہوجاتا ہے، مولانا فضل الرحمٰن پر آرٹیکل چھ لاگو کرنے کی بات کر کے عمران خان نے اپنی غیرسنجیدگی ثابت کردی ہے، اگر دس دن کے دھرنے پر آرٹیکل چھ لاگو ہوگا تو پھر 126دن کے دھرنے پر کیا ہوگا،مولانا فضل الرحمٰن پر آرٹیکل چھ لاگو کیاگیا تو پرویز مشرف کا کیس بھی دوبارہ تازہ ہوگا، کاش عمران خان ہمت کر کے مولانا فضل الرحمٰن پر آرٹیکل چھ لگادیں۔ بابر ستار کا کہنا تھا کہ عمران خان مولانا فضل الرحمٰن کیخلاف آرٹیکل چھ کا مقدمہ کردیں تو اچھی بات ہوگی، یہاں حکومت کے ساتھ حقیقی (defacto) سسٹم چلتا ہے اس پر ہم خاص بات نہیں کرپاتے ہیں لیکن اگر مولانا پر آرٹیکل چھ کا مقدمہ چلتا ہے تو ہم اس پر بات کرسکیں گے،عمران خان کو لگتا ہے کہ کوئی حکومت کو توڑنا چاہ رہا ہے تو یہ سنجیدہ گفتگو ہے۔