میسی مہنگا ترین فٹبالر، ماہانہ آمدنی ایک ارب 39کروڑ روپے

February 15, 2020

کراچی (جنگ نیوز) فٹبال کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ یہ سستا ترین کھیل ہے لیکن خود فٹبالر دُنیا کا مہنگا ترین کھلاڑی ہوتا ہے۔ اس میں کوئی حیرانی کی بات نہیں کہ دُنیا میں فٹبالرز کو سب سے زیادہ بھاری معاوضے دیئے جاتے ہیں۔ 2020ء میں لئے گئے ایک جائزے کے مطابق ہسپانوی فٹبال کلب بارسلونا کے ارجنٹائن سے تعلق رکھنے والے فٹبالر لائنل میسی کو 83 لاکھ یورو (تقریباً ایک ارب 39 کروڑ پاکستانی روپے )ماہانہ ادا کئے جاتے ہیں۔ اس میں اسپانسر شپ معاہدے اور انڈورسمنٹ شامل نہیں ہیں۔ دُوسرا نمبر اطالوی کلب یووینٹس کے پرتگالی فٹبالر کرسچیانو رونالڈو کا ہے جن کی ماہانہ آمدنی 45 لاکھ یورو(تقریباً75 کروڑ پاکستانی روپے)ماہانہ ہے۔ ریال میڈرڈ کے گارتھ بیل (ویلز) اور ایڈن ہزارڈ (بلجیئم) کو ماہانہ 25، 25 لاکھ یورو (تقریباً 41 ،41کروڑ پاکستانی روپے)ادا کئے جاتے ہیں۔ پیرس سینٹ جرمین کے برازیلی فٹبالر نیمار کو 31 لاکھ یورو( تقریباً51 کروڑ پاکستانی روپے)اور ایمباپے (فرانس) کو 19 لاکھ یورو(تقریباً 31کروڑ پاکستانی روپے)ماہانہ دیئے جاتے ہیں۔ مانچسٹر یونائیٹڈ کے گول کیپر ڈیوڈ ڈی گیا کو ماہانہ 18 لاکھ یورو(تقریباً 30 کروڑ پاکستانی روپے)اور جرمن کلب بائرن میونخ کے پولش فٹبالر رابرٹ لاینڈواسکی کو ماہانہ 17 لاکھ یورو(28کروڑ پاکستانی روپے) ملتے ہیں۔