313 مزارات کیلئے 58 پولیس اہلکار تعینات ہیں، پیشرفت رپورٹ

February 15, 2020

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ میں کراچی میں مزارات میں سیکیورٹی کی ناقص صورتحال اور جمع ہونے والے چندے کی رقم استعمال نہ کرنے کے خلاف دائر درخواست پر پولیس نے پیش رفت رپورٹ جمع کرادی۔ فاضل عدالت نے درخواست گزار کو پیش رفت رپورٹ کی نقول فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت18مارچ تک ملتوی کردی۔ جمعے کو جسٹس محمد علی مظہر کی سر براہی میں جسٹس یوسف علی سعید پر مشتمل دو رکنی بینچ نے درخواست کی سماعت کی ۔پولیس حکام کی جانب سے پیش رفت رپورٹ جمع کر ائی گئی جس میں کہا گیا کہ پورے شہر کے مزارات میں سیکیورٹی کے لیے صرف 58 پولیس اہلکار تعینات ہیں اور شہر کے تمام اضلاع میں 313 مزارات موجود ہیں ،حیدرآباد میں 430 مزارات ہیں بعد ازاں عدالت نے درخواست کی سماعت 18مارچ تک ملتوی کردی۔ درخواست گزار نے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ مزارات میں سیکیورٹی نہ ہونے کے باعث کسی بھی حادثے کا خطرہ ہے،مزارات اور مساجد کو سیکیورٹی نہیں دی جا رہی، واک تھرو گیٹ ناکارہ ہوچکے ہیں ۔