ترکی پاکستان سے ناراض نہیں، تمام قیاس آرائیاں دم توڑ گئیں، شاہ محمود

February 15, 2020

ترکی پاکستان سے ناراض نہیں

کراچی (نیوز ڈیسک) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ترک صدر کے خطاب سے بھارت کو واضح پیغام گیا کہ پاکستان کو اگر نیچا دکھانا چاہے گا تو ترکی ڈٹ کر مقابلہ کریگا۔ اردوان نے پاکستانیوں اور کشمیریوں کے دل جیت لئے، ترکی پاکستان سے ناراض نہیں، تمام قیاس آرائیاں دم توڑ گئیں، جبکہ سابق سفیر تسنیم اسلم نے کہا کہ ترک صدر کے پیغام سے بھارت اور خطےکو اچھا پیغام گیا ہے، سابق سفیر رشید ابڑو نے کہا کہ جب تک ترکی اور پاکستان ملکر نہیں چلیں گے ہمیں مشکلات پیش آئیں گی۔ ترک صدر رجب طیب الردوان کے پارلیمنٹ سے خطاب پر ردعمل دیتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ترک صدر کا خطاب تاریخی نوعیت کا ہے، صدر رجب اردوان نے کشمیر پر جو بات کی وہ تاریخ میں سنہری حروف سے یاد رکھی جائے گی، آج لائن آف کنٹرول کے دونوں جانب پیغام دیا گیا کہ کشمیریوں کا مسئلہ صرف پاکستان اور کشمیرکا نہیں بلکہ ترکی کا بھی مسئلہ ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ترک صدر نے واضح کیا کہ ترکی کشمیر پر پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا ہے، ایف اے ٹی ایف پر ترک صدر کا واضح پیغام ہے کہ وہ پاکستان کے ساتھ ہے۔