لاہور، بزرگ خاتون اسٹریٹ کرائم کا شکار

February 15, 2020

لاہور کی بزرگ خاتون کو ڈاکوؤں نے لوٹ لیا

لاہور میں دو ڈاکوؤں نے وحشیانہ طریقے سے بزرگ خاتون کے طلائی زیورات اتروا لئے، بیٹی خوف کے مارے زیورات اتارنے میں مدد کرتی رہی، جیو نیوز نے واردات کی سی سی ٹی وی حاصل کرلی۔

راہزنی کی خوفناک واردات لاہورکے علاقے نواں کوٹ کی آبادی خلیل پارک ڈھولن وال میں ہوئی،جہاں کار سوار بزرگ خاتون اپنی بیٹی کے ساتھ فوتگی پر افسوس کرنے گئی تھی ۔

سی سی ٹی وی میں دیکھا جا سکتا ہے کہ موٹر سائیکل سوار دو ڈاکو پہلے گلی میں ریکی کرتے ہیں اور جیسے ہی کار رُکتی ہے دونوں نقاب پوش ان پر اسلحہ تان لیتے ہیں۔

ملزمان بزرگ خاتون کے طلائی زیورات اتارنے کے لیے بری طرح نوچ کھسوٹ کرتے ہیں، پہلے زور لگا کر بازوؤں سے کڑے اتارے، پھر بالیاں بھی اتارنے کے بجائےنوچ ڈالیں۔

اس صورتحال سے خوفزدہ خاتون کی بیٹی اپنی والدہ کے کڑے اتارنے میں مدد کرتی رہی، سی سی ٹی وی کے مطابق ڈاکو 3منٹ تک واردات کرتے رہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ درخواست موصول ہو گئی ہے، تحقیقات جاری ہیں، جلد ڈاکوؤں کو ٹریس کر لیا جائے گا۔