جنوری 2020 تاریخ کا گرم ترین مہینہ بن گیا،سائنسدان

February 17, 2020

واشنگٹن (نیٹ نیوز )سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ 1880سے جب سے انہوں نے موسم اور درجہ حرارت کا ریکارڈ رکھنا شروع کیا ہے، تب سے اس سال کے آغاز تک جنوری کا مہینہ تاریخ کا گرم مہینہ رہا ہے۔امریکہ کے محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ اس سال جنوری میں زمین اور سمندروں کی سطح کا درجہ حرارت 20 ویں صدی کے دوران جنوری کے اوسط درجہ حرارت کے مقابلے میں دو ڈگری فارن ہائٹ یا ایک اعشاریہ ایک چار سینٹی گریڈ زیادہ رہا ہے۔سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ جنوری کے اوسط درجہ حرارت میں اضافے کی وجہ آب و ہوا کی تبدیلی ہے۔سمندروں اور ماحول پر نظر رکھنے والے امریکی ادارے کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ روس، سکنڈے نیوین ممالک اور کینیڈا کے مشرقی حصوں میں جنوری کے دوران درجہ حرارت میں ماضی کے اوسط کے مقابلے میں 9 ڈگری فارن ہائیٹ تک زیادہ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا جو 5 ڈگری سینٹی گریڈ کے مساوی ہے۔