کالعدم تنظیموں کیخلاف بلاتفریق کارروائی کی جائے‘ ٹی این ایف جے

February 17, 2020

کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر)تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے رہنمائوں نے مطالبہ کیاہے کہ سانحہ 16 فروری 2013ء میں شہید ہونے والوں کے لواحقین اور زخمیوںکی فوری مالی امداد کو یقینی اور کوئٹہ سیف سیٹی پروجیکٹ کو جلد مکمل کیا جائے۔یہ بات تحریک نفاذ فقہ جعفریہ بلوچستان کے صدر انجینئر ہادی عسکری ، سیکرٹری اطلاعات طارق احمد جعفری ، مصطفیٰ کمال اور دیگر نے 16 فروری 2013ء کو کرانی میں دہشت گردی کے واقعہ میں جاں بحق افراد کی برسی کے موقع پر تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے جاں بحق افراد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج تک دہشت گردی میں ملوث عناصر کو گرفتار نہیں کیا گیا حکومت بلوچستان سمیت ملک بھر میں کالعدم تنظیموں کے خلاف بلاامتیاز کریک ڈاون کرے واقعہ صرف ہزارہ قوم کیلئے ہی نہیں بلکہ انسانیت کیلئے ایک انتہائی افسوسناک اور سیاہ دن ہے جب 90 سے زائد بے گناہ افراد کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا 7 سال گزرنے کے باوجود تاحال سانحہ کرانی روڈ میں ملوث عناصر کو گرفتار نہیں کیا گیا اور نہ ہی اس دہشت گردی کے نتیجے میں شہید ہونے والوں کے لواحقین اور زخمی ہونے والے افراد کے اہلخانہ کی کوئی مالی امداد کی گئی ہے ۔