کراچی: جہازوں کی روانگی بھی شیڈول پر آگئی

February 17, 2020

کراچی کی بندرگاہ پر جہازوں کی آمد شروع ہوگئی

کراچی کے علاقے کیماڑی میں پراسرار گیس کے اخراج سے متعلق پورٹ حکام کا کہنا ہے کہ کراچی پورٹ پر جہازوں کی روانگی بھی شیڈول پر آگئی ہے۔

کراچی پورٹ حکام کے مطابق کراچی بندرگاہ پر جہازوں کی آمد شروع ہو گئی ہے جبکہ آج صبح تین جہاز بندرگاہ پر لنگر انداز بھی ہوئے۔

واضح رہے کہ کراچی کے علاقے کیماڑی میں گزشتہ رات پراسرار گیس کے اخراج سے5 افراد جاں بحق جبکہ دو درجن سے زائد متاثر ہوئے تھے۔

ایس ایس پی سٹی کراچی مقدس حیدر کے مطابق یہ گیس کہاں سے آئی اس بارے میں ابھی تک معلومات نہیں مل سکیں ۔

ایس ایس پی کے مطابق رات آٹھ بجے کیماڑی کے مختلف مقامات سے اچانک گیس کی بو پھیل گئی تھی جس سے شہری متاثر ہونا شروع ہوئے۔