قانونی طور پر پاکستان گئے ، اعتراض تھا تو اجازت کیوں دی، کوچ بھارتی کبڈی ٹیم

February 18, 2020

لاہور(خالد محمود خالد) پاکستان میں کبڈی ورلڈکپ میں شرکت کے بعدبھارتی ٹیم گزشتہ روزواہگہ بارڈرکے راستے واپس لوٹ گئی،پیرکے روز 34بھارتی کھلاڑی واپس گئے ہیں۔واہگہ سرحدعبورکرتے ہی بھارتی میڈیا نے کبڈی ٹیم کو گھیر لیا۔ بھارتی کبڈی ٹیم کے کوچ اورپرموٹردویندرسنگھ باجوہ نے کہا کہ وہ قانونی طورپرپاکستان گئے تھے۔ ان کے پاکستان جا نے پر اگرکوئی اعتراض تھا تو جانے کی اجازت کیوں دی گئی۔ دویندرسنگھ باجوہ نے کہا بھارتی پنجاب، ہریانہ اوردوسری ریاستوں سے چار،پانچ کبڈی فیڈریشنوں سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی پاکستان گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کبڈی ورلڈ کپ کا ان کی ٹیم سے کوئی تعلق نہیں تھا تمام کھلاڑی بابا گورونانک دیوجی کے جنم دن کے حوالے سے منعقدہ کبڈی ٹورنامنٹ میں انفرادی طورپرشریک ہوئے ہیں۔