پاکستانی اقدامات امریکہ طالبان معاہدے کی راہ ہموار کرنے میں معاون ہیں، زلمے خلیل

February 19, 2020

پاکستان میں امریکی سفارت خانے کا کہنا ہے کہ امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغان مفاہمتی عمل زلمے خلیل زاد نے دورہ پاکستان میں وزیراعظم، وزیر خارجہ اور آرمی چیف سے ملاقاتوں میں افغان امن عمل اور جنگ کے خاتمے پر تبادلہ خیال کیا۔

امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغان مفاہمتی عمل زلمے خلیل زاد کے دورےپر امریکی سفارتخانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ زلمے خلیل زاد نے 17 اور 18 فروری کو پاکستان کا دورہ کیا۔

زلمے خلیل زاد نے افغان مہاجرین پر منعقدہ کی جانے والی کانفرنس میں شرکت کی اور سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ سے بھی ملاقات کی، جس میں افغان امن عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

امریکی سفارتخانے کا کہنا ہے کہ زلمے خلیل زاد نے افغانستان میں قیام امن اور تشدد میں کمی کے لیے پاکستانی حمایت کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی اقدامات امریکہ طالبان معاہدہ کی راہ ہموار کرنے، انٹرا افغان مذاکرات اور پائیدار سیز فائر کرنے میں معاون ہیں۔