سویا بین ڈسٹ سے فوری موت واقع نہیں ہوسکتی، ماہر امراض سینہ

February 19, 2020

سویا بین ڈسٹ سے فوری موت واقع نہیں ہوسکتی، ماہر امراض سینہ

کراچی (بابر علی اعوان / اسٹاف رپورٹر) معروف ماہر امراض سینہ پروفیسر ڈاکٹر ندیم احمد رضوی نے کہا ہے کہ سویا بین ڈسٹ (دھول) سے الرجی، دمہ اور ناک کی الرجی تو ہوسکتی ہے لیکن فوراًموت واقع نہیں ہوسکتی۔اس سے موت کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں۔

جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے جامعہ کراچی کے انٹرنیشنل سینٹر فار کیمیکل اینڈ بائیولوجیکل سائنسز کی رپورٹ پر حیرت کا اظہار کیاجس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ کیماڑی میں متعددہلاکتیں اور سینکڑوں افراد متاثر ہونے کی وجہ سویا بین ڈسٹ ہے۔

ان کا کہناتھا کہ سویا بین ڈسٹ عموماً الرجی اور دمے کا باعث بنتی ہے جنہیں بہت آسانی سے کنٹرول کیا جاسکتا ہے لیکن اس سے یک دم اور اتنی زیادہ ہلاکتیں نہیں ہوسکتیں۔

اس لئے اس کا درست انداز میں جائزہ لینا چاہیے۔ انہوں نے سندھ انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی کی جانب سے ہائیڈروجن سلفائیڈ کو وجہ قرار دینے پر بھی سوال اٹھایا ۔