بھارت کے ساتھ کوئی بڑا تجارتی معاہدہ نہیں ہوگا، ٹرمپ

February 19, 2020

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دورہ بھارت سے قبل مودی حکومت کی امیدوں پر پانی پھیر دیا، امریکی صدر نے واضح لفظوں میں کہہ دیا کہ بھارت کے ساتھ کوئی بڑا تجارتی معاہدہ نہیں کریں گے۔

واشنگٹن میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ بھارت کے ساتھ امریکی انتخاب سے قبل کوئی بڑا تجارتی معاہدہ کرنا ممکن نہیں ہے۔

امریکی صدر نے کہا کہ اس بار بھارت کے ساتھ ٹریڈ ڈیل کر سکتے ہیں، لیکن کوئی بڑا تجارتی معاہدہ بعد میں ہی ہوسکے گا۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ 24 فروری سے دو روزہ بھارتی دورہ کریں گے ، اس دورے سے متعلق قیاس آرائیاں کی جارہیں تھیں کہ ٹرمپ اس دورہ کے دوران بھارت کے ساتھ کچھ بڑے تجارتی معاہدے کریں گے۔