کیماڑی ریلوے کالونی سے لوگوں کی نقل مکانی

February 19, 2020

کراچی کے علاقے کیماڑی میں پھیلنے والی مبینہ زہریلی گیس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ریلوے کالونی کی عوام نے نقل مکانی شروع کردی ہے۔

ذرائع کے مطابق ریلوے کالونی میں ہو کا عالم ہے، فضاء میں ہلکی سی بو اب بھی کسی دوسری جگہ سے آنے والا شخص محسوس کرسکتا ہے، لیکن یہاں رہنے والے اس قدر عادی ہوچکے کہ اب بو کی شکایت نہیں کررہے، تاہم علاقے سے نقل مکانی کا سلسلہ جاری ہے۔

ریلوے کالونی میں بچے بنا ماسک کے کھیل کود میں مصروف ہیں جبکہ سرکاری ادارے بو پھیلنے پر اب تک کوئی حتمی رائے نہ دے سکے ہیں۔

سندھ انوارومنٹل پروٹیکشن ایجنسی میں ہوا میں مضر ذرات کی نشاندہی کرنے والے آلات 10 سال سے غیرفعال ہیں، جس کے باعث صوبائی ماحولیاتی ایجنسی کو جان لیوا گیس سے متاثرہ علاقے میں سیمپلنگ کے لیے نجی تنظیموں پر انحصار کرنا پڑرہا ہے۔

نجی فضائی مانیٹرنگ ایپس کئی دنوں سے کراچی کا فضائی معیار آلودہ بتارہی ہیں، کیماڑی کے اطراف کے علاقوں میں شہریوں کو ماسک کے استعمال اور گھروں اور گاڑیوں کی کھڑکیاں بند کرنے کا مشورہ دیا جارہا ہے۔